حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس خبرگان رہبری میں قزوین کے نمائندہ حجت الاسلام والمسلمین علی اسلامی نے آج شہر تاکستان کے ضلعی محکموں کے ذمہ داران سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کہا: مسلمانوں کا اتحاد و یکجہتی کامیابی کی کنجی ہے اور اسی کے ذریعے انسان اللہ تعالیٰ کی نعمتوں سے بہرہ مند ہوتا ہے جس پر قرآن کریم میں بھی تاکید کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: جمہوریہ اسلامی ایران کی عزت و اقتدار کے باعث استکباری نظام اور اس کے سرکردہ عناصر کا مکروہ چہرہ اقوام اور دنیا بھر کے آزاد انسانوں کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔
مجلس خبرگان رہبری میں قزوین کے نمائندہ نے کہا: آج یمن اور فلسطین میں مقاومتی گروہ خالی ہاتھ عالمی استکبار کے مقابل کھڑے ہیں اور اس وقت ہم امریکہ کی کھوکھلی ہیبت میں مزید کمی کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: انقلاب اسلامی کے ابتدائی ایام اور آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران نوجوانوں کی قیادت اور انتظامی میدان میں ان کی مؤثر شرکت ان عوامل میں سے ایک تھی جس کی بدولت ایرانی قوم کا نوخیز انقلاب داخلی و خارجی مختلف مشکلات اور خطرات کے مقابلے میں بھرپور استقامت کرنے اور مختلف آزمائشوں میں سرخرو ہونے میں کامیاب ہوا۔
مجلس خبرگان رہبری کے رکن نے مزید کہا: اگر آج جمہوریہ اسلامی ایران کا مقدس نظام داخلی و خارجی سطح پر اقتدار اور عظمت کا حامل ہے تو اس کی بنیادی وجہ ولایت کی اطاعت کے سائے میں عوام کا اتحاد و یکجہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: آج محاذِ مقاومت پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور پُرجوش ہے اور دشمن خود بھی جانتا ہے کہ اس کے زوال و نابودی کا وقت قریب آ رہا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین اسلامی نے کہا: اگر عالم اسلام کی بعض حکومتیں ان نسل کشیوں کے مقابل خاموش نہ رہتیں تو یقیناً یہ گستاخ حکومت آج تک اپنے منحوس وجود کا خاتمہ دیکھ چکی ہوتی۔
انہوں نے مزید کہا: آج خطے میں ہونے والی تمام شرارتیں، جنگ اور خونریزی امریکہ، صہیونی حکومت اور خطے کی بدعنوان و وابستہ حکومتوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔









آپ کا تبصرہ